جنّت کی کیاری:
جنّت کی کیاری:
حضور نبئ پاک، صاحب ِ لولاک، سیّاح افلاک صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآ لہ وسلَّم کافرمانِ رحمت نشان ہے :''جس نے میرے قبر میں جانے کے بعدمیری زیارت کی گویا اس نے میری حیات میں میری زیارت کی ،اور جو حرمینِ طیبین میں سے کسی حرم میں مرا وہ بروزِ قیامت امن والوں میں اٹھایاجائے گا، اور بے شک میری قبر اور میرے منبر کی درمیانی جگہ جنت کے باغوں میں سے ایک باغ ہے۔''
(صحیح البخاری،کتاب فضل الصلاۃ فی مسجد مکۃ والمدینۃ،باب فضل مابین القبروالمنبر، الحدیث۱۱۹۵، ص۹۳۔سنن الدارقطنی،کتاب الحج ،باب المواقیت،الحدیث ۲۶۶۸، ج۲، ص۳۵۱)
اللہ کے حبیب، حبیب ِ لبیب عَزَّوَجَلَّ وصلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآ لہ وسلَّم کا فرمانِ عظمت نشان ہے: ''جو میری وفات کے بعد میری زیارت کریگا اور مجھ پر سلام بھیجے گا تو میں جواب میں دس بار اس پر سلام بھیجوں گا اور دس فرشتے اس کی زیارت کریں گے اور وہ سب اس پرسلام بھیجیں گے اور جو اپنے گھر میں مجھ پر سلام بھیجے گا تو اللہ عَزَّوَجَلَّ مجھ میں روح لوٹا دے گا یہاں تک کہ میں اس پر سلام بھیجوں گا۔''
(سنن ابی داؤد،کتاب المناسک،باب زیارۃ القبور،الحدیث۲0۴۱،ص۱۳۷۳،مختصر)
حضرتِ سیِّدُنا عبداللہ بن عمر رضی اللہ تعالیٰ عنہما سے مروی ہے ، شہنشاہِ خوش خِصال، پیکرِ حُسن وجمال، رسولِ بے مثال، بی بی آمنہ کے لال صلَّی اللہ تعالیٰ علیہ وآلہ وسلَّم ورضی اللہ تعالیٰ عنہا کا فرمانِ عالیشان ہے:''جس نے میری وفات کے بعد حج کیا اور میری قبرِ مبارک کی زیارت کی گویا اس نے میری حیات میں میری زیارت کی ۔'' (سنن الدارقطنی،کتاب الحج ،باب المواقیت،الحدیث۲۶۶۷،ج۲،ص۳۵۱)
Comments
Post a Comment